اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وبا کے سبب کویت میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کی آسان وطن واپسی کا معاملہ متعلقہ وزرا سے اٹھایا ہے اور شہریوں کیجلد واپسی کیلیے متعلقہ وزارتوں کو فوری اقدامات کیلیے ہدایات کردی ہے۔ بیان کے مطابق اسپیکر نے یہ معاملہ وزرا برائے ہوا بازی اور داخلہ کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز اور ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ کے ذریعے کویت اور پاکستان کے مابین ہفتہ وار خصوصی پروازیں شروع کرنے کیلیے اٹھایا۔اسد قیصر نے کہا ہے کہ پارلیمان سے غریب پاکستانی تارکین وطن کی حقیقی شکایات کا مداوا کروایا جائے گا،اسپیکر قومی اسمبلی نے تارکین وطن کی پریشانیوں کے تدارک کیلیے علاقائی پاسپورٹ دفاتر کا معاملہ وزیر داخلہ کے ساتھ بھی اٹھایا تاکہ علاقائی پاسپورٹ دفاتر کے نیٹ ورک کو بڑھایا جاسکے اور غریب تارکین وطن کی حقیقی شکایات کا مداوا کیا جا سکے۔ کورونا وائرس کی جاری لہر کے تناظر میں کویت میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کی ایک کثیر تعداد اپنے وطن واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہے اور مسلسل کویت سے خصوصی پروازوں کے باقاعدہ آپریشن کے اجرا کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔