لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا تو ایک بہانہ ہے، ملک میں بے روزگاری تو پہلے سے ہی ہو رہی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ برائے 21-2020 پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے پہلے ہی غربت میں اضافہ ہو رہا تھا، ہمارا خیال تھا کہ اس بجٹ میں حکومت اپنے غلطیوں کو درست کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت نے بجٹ 21-2020 پیش کردیا
سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو بھی اندازہ نہیں کورونا وائرس کے بعد ہم کس طرف جائیں گے، اس بجٹ میں غریب آدمی کے لیے کچھ بھی نہیں ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اس بجٹ میں ہیلتھ اور فوڈ سیکیورٹی کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، حکومت نے اس بجٹ میں بے روزگاری ختم کرنے کے لیے کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے بجٹ میں کمی کردی، حکومت نے ملازمین کے لیے ایک روپے کا بھی اضافہ نہیں کیا۔