اسلام آباد کا رویہ ٹھیک نہیں‘ اسلم رئیسانی

280

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان، رکن صوبائی اسمبلی واب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے حکمرانوں کا رویہ بلوچستان کے ساتھ ٹھیک نہیں‘ حکمرانوں نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روا رکھا ‘ اگر حکمران اپنے رویے میں تبدیلی نہیں لائے تو مستقبل میں اس کے خطرناک اثرات مرتب ہوںگے جس کی تمام تر ذمے داری وفاقی حکومت پر عاید ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے دہشت گردی، غربت اور پسماندگی کے خلاف طویل جدوجہد کی ہے مگر اس کے باوجود وفاق نے بلوچستان کو حقوق دینے کے بجائے ان پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں سے بلوچستان کے 42 منصوبے نکالے گئے ہیں جس کی ہم مذمت کر تے ہیں اور صوبے میں حکومت نام کی کوئی چیزنہیں ‘ اگر صوبے میں حکومت ہو تی تو آج وفاقی بجٹ میں بلوچستان کے42 منصوبے نہیں نکالے جا تے۔