بلدیہ سکھر کی انتھک محنت کے بعد مائیکرو کالونی کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ حل

437

سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیہ اعلیٰ سکھر کی انتھک محنت کے بعد مائیکرو کالونی کے مکینوں کا دیرینہ مسئلہ حل ‘ پیر مراد شاہ قبرستان میں عرصہ دراز سے کھڑے گندے پانی کی نکاسی کردی گئی۔ میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ کی ہدایت پر میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے ہیوی مشینری کے ذریعے اپنی نگرانی میں کئی روز کی محنت کے بعد قبرستان میں جمع گندے پانی کی نکاسی کروانے کیساتھ ساتھ علاقے میں فیومیگیشن کا سلسلہ بھی شروع کروا دیا ہے تاکہ علاقے کو جراثیم سے پاک کیا جاسکے۔ علاقہ مکینوں کی جانب سے نکاسی کا پانی قبرستان میں چھوڑے جانے کے باعث گندے کا کھڑا ہونا معمول بن چکا ہے ، بلدیہ اعلیٰ سکھر کے عملے کی جانب سے وقفے وقفے سے پانی کی نکاسی کا سلسلہ جاری ہے تاکہ اپنے پیاروں کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لیے آنے والے شہریوں کو مشکلات درپیش نہ آئیں، مسئلے کے مستقل حل کے لیے میگا اسکیم شروع کی گئی ہے، جس پر تیزی سے کام جاری ہے، سیوریج کی نئی لائن ڈالنے کا کام مکمل ہونے کے بعد مکینوں کے نکاسی کے کنکشنز نئی سیوریج لائن میں جوائنٹ کردیے جائیں گے جس کے بعد مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہوجائے گا۔