لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، کورونا سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی جبکہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے واقعات کی شدید مذمت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت نے مشکل حالات میں بہترین، متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر حماد اظہر او ران کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی، بجٹ میں ترجیحات کا درست تعین کیا گیا ہے، موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا، بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔
ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے لیے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کیلئے پوسٹوں کی منظوری بھی دی گئی، اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہت جلد فنکشنل ہوجائے گا، جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور کا سفر نہیں کرنا پڑے گا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق واپس کررہے ہیں، ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا، کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا، سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے نام پر لئے گئے فنڈ اپنے حلقوں پر لگائے، ترقیاتی فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم باب بند کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے نبھا رہی ہے، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے، جنوبی پنجاب کیلئے 35فیصد ترقیاتی فنڈز مختص کیے ہیں، جنوبی پنجاب کے بجٹ کو کسی دوسرے مقصد کیلئے استعمال نہیں کیاجاسکتا، جنوبی پنجاب کے فنڈز وہاں کے عوام کی ترقی اورخوشحالی پر ہی صرف ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کرکے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا، سیکرٹریٹ کے قیام سے عوام کے مسائل نچلی سطح پر حل ہوں گے۔، اس اقدام سے گورننس بہتر ہوگی، بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔