لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کو فون کرکے ان کے والد سابق صدر آصف زرداری کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی ۔بلاول زرداری نے سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آصف زرداری کی طبیعت اب پہلے سے بہت بہتر ہے لیکن کورونا کی وبا کی وجہ سے ڈاکٹروں نے انہیں گھر میں
رہنے کا مشورہ دیا ہے ۔ دونوں رہنماﺅں نے بجٹ پر گفتگو کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا اور کہا کہ اس بجٹ میں عوام کے لیے کچھ نہیں۔ دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، احسن اقبال ،وزیر ریلوے شیخ رشید اور سعد رفیق کو فون کرکے ان کی خیر یت دریافت کی ۔امیر جماعت اسلامی نے شہباز شریف اور دیگر رہنماﺅں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہوگا۔قوم اجتماعی طور پر رجوع الی اللہ اور توبہ و استغفارکرے ۔ ہر فردکی یہ ذمے داری ہے کہ وہ اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کو وبا سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرے۔