ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے کورونا وائرس کے مسلسل مثبت نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ٹھٹھہ کی مساجد اور مزارات پر کلورین اسپرے کیا گیا۔ اس سلسلے میں الخدمت فاؤنڈیشن ضلع ٹھٹھہ کے صدر محمد ریاض جیلانی نے صحافیوں کو بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے مثبت نتائج میں تیزی آگئی ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔ محمد ریاض جیلانی نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے مختلف جگہوں، مسجد، مزارات اور پبلک پیلس پر کلورین اسپرے کا کام شروع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ٹھٹھہ شہر کی 7 مسجدوں اور 2 درگاہوں پر اسپرے کیا گیا، جہاں مجاور اور پیش امام صاحبان کا مکمل تعاون رہا۔ دوسری جانب ٹھٹھہ کے سماجی حلقوں نے الخدمت کی سماجی خدمات کو سراہا ہے۔