بچے اثاثہ ہیں، مستقبل محفوظ بنانا ریاستی ذمے داری ہے، شیریں مزاری

191

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہمارے بچے قوم کا اثاثہ ہیں ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا ریاست اور ہم سب کی ذمے داری ہے، چائلڈ لیبر کے حوالے ہمیں اپنی ذہنیت بدلنی ہو گی اور ان بچوں کی تعلیم وتربیت اور صحت پر خصوصی توجہ دینی ہونے ہوگی۔ چائلڈ لیبر کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے وڈیو پیغام میں ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ 12جون بچوں کی مزدوری کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے اور اس حوالے سے ہمارا آئین واضح پور کہتا ہے کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ 16سال کی عمر تک بچوں کو تعلیم دے اور اسکی صحت کا خیال رکھے ،اسکے ساتھ 14سال تک کی عمر کے بچے سے کوئی خطرناک کام نہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بچوں کے حقوق کے حوالے سے عالمی کنونشن پر دستخط کررکھے ہیں اور ریاست کا فرض ہے جن شقوں پر دستخط کیے ہیں ان پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص بچوں سے مزدوری کرائے اس کا مطلب ہے وہ قانون توڑ رہا ہے اور انسانیت کے خلاف کام کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ بچوں سے گھریلو کام کرانے کے حوالے سے ہمارے ہاں کوئی واضح قانون موجود نہیں ، چائلڈ لیبر کے خلاف انفرادی و اجتماعی کوششیں کرنی ہوں گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام وزارت کی ہیلپ لائن 1099 پر چائلڈ لیبر سے متعلق شکایات رپورٹ کریں۔