اسلام آباد (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تحریک انصاف کے رہنما شوکت محمود بسرا نے جمعہ کو وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بات چیت کے دوران موجودہ وبائی صورتحال سمیت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ شوکت محمود بسرا نے کورونا وبا کے دوران اس مشکل گھڑی میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت کے حوالے سے سفارتخانوں کی بہترین کارکردگی پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی اور وطن واپسی کے منتظر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جلد واپسی کے لیے وزیر خارجہ کی کاوشوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ محدود معاشی وسائل کے باوجود کورونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ہمیں یہ بات ذہن نشین رکھنا ہو گی کہ کورونا ایک عالمی وبا ہے جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔کوئی بھی ملک اس وقت تک اس بڑے چیلنج کا مقابلہ نہیں کر سکتا جب تک عوام، حکومت کی جانب سے دی جانے والی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی نہیں بناتے۔ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔