سکھر (نمائندہ جسارت) حکومت کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات، سکھر ایئر پورٹ سے خصوصی جہاز کے ذریعے فصلوں پر اسپرے کا سلسلہ شروع کردیا گیا، چونڈکو اور گردونواح میں ایک ہزار ایکڑ اراضی پر ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے کا سلسلہ ٹڈی دل کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انتظامیہ اور زمینی اسپرے ٹیم کی نشاندہی کے بعد جہاز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں اسپرے کیا جارہا ہے، کیپٹن زمان چیمہ۔ سندھ میں ٹڈی دل کے حملوں سے فصلوں اور کاشتکاروں کو نقصان سے بچانے کے لیے حکومت نے عملی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ اس حوالے سے کیپٹن زمان چیمہ، کیپٹن شاکر انجینئر و دیگر نے بتایا کہ سکھر ایئر پورٹ پر موجود خصوصی جہاز کے ذریعے چونڈکو سمیت گردونواح کی ایک ہزار ایکڑ کی اراضی پر اسپرے کیا گیا ہے۔ اسپرے کرنے کا مقصد ٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو تباہ ہونے اور کاشتکاروں کو پہنچنے والے نقصان سے بچانا ہے۔ حکومت کی جانب سے ٹڈی دل کے خاتمے تک اسپرے کرنے کے احکامات جاری ہوئے ہیں، جن علاقوں میں فصلوں پر ٹڈی دل حملے کررہی ہے، ان علاقوں کے رہائشی ضلعی انتظامیہ کو اپنی شکایات درج کراتے ہیں، جس کے بعد زمینی اسپرے ٹیم اور ضلعی انتظامیہ کی نشاندہی کے بعد ان علاقوں میں خصوصی جہاز کے ذریعے اسپرے کیا جاتا ہے۔ کیپٹن زمان چیمہ نے مزید بتایا کہ حکومت نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے مو¿ثر اقدامات شروع کردیے ہیں۔ جہاز سے اسپرے کا سلسلہ ٹڈی دل کے خاتمے تک جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کاشتکاروں کو درخواست کی کہ جن علاقوں میں ٹڈی دل حملہ کررہی ہے، وہ اپنے علاقے کے ڈپٹی کمشنر کو شکایات درج کرائیں۔ ان علاقوں میں زمینی اسپرے ٹیم روانہ کی جائے گی، اگر حملہ زیادہ ہوا تو ان علاقوں میں خصوصی جہاز کے ذریعے اسپرے ضلعی انتظامیہ کی نشاندہی کے بعد کیا جائے گا۔