لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اورسیز پاکستانیوں کی واپسی میں تاخیر کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی تاحال عدم واپسی مجرمانہ لاپروائی اور قابل مذمت ہے۔ بیرون ملک پاکستانیوں کے پاس پیسے ختم ہونے اور ان سے ٹکٹ کے زائد کرائے وصول کرنے کی اطلاعات قابل افسوس ہیں۔ شہباز شریف نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بیان دے کر بھول جاتے ہیں، بیرون ملک سفارت خانوں کے عدم تعاون کی شکایات عام ہیں۔ صدر مسلم لیگ ن اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں سے زائد کرائے کیوں وصول کیوں کیے جا رہے ہیں؟شہباز شریف نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی واپسی کے لیے وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ، سفارت خانوں کی سفارشیں ڈھونڈنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تقریر، بیان، دعوے چھوڑیں، حکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کی عملی مدد کرے، ان کی واپسی کا واضح پلان اور تاریخ دے۔