پارک لین ریفرنس،آصف زرداری ودیگر ملزمان پر فرد جرم کی تاریخ مقرر

206

اسلام آباد (صباح نیوز)اسلا م آباد کی احتساب عدالت کے جج محمداعظم خان نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور دیگر ملزمان کے خلاف پارک لین ریفرنس میں فرد جرم عاید کرنے کے لیے 26جون کی تاریخ مقرر کر دی ہے جبکہ جعلی بینک اکائونٹس کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری، ڈاکٹر فریال تالپور، انور مجید اور دیگر ملزمان کے خلاف فرد جرم عاید کرنے کی کارروائی ایک مرتبہ پھر مؤخر کر دی۔ عدالت نے آصف زرداری اور ڈاکٹر فریال تالپورکی ایک روزہ حاضری سے ا ستثنا کی درخواستیں منظور کر لیں۔ عدالت نے جعلی بینک اکائونٹس کیس اور منی لانڈرنگ کیس کی مزید سماعت7 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔ آصف زرداری، ڈاکٹر فریال تالپور، انور مجید اور دیگر ملزمان کے خلاف جعلی بینک اکائونٹس کیس، میگا منی لانڈرنگ کیس، پارک لین کیس اور پنک ریزیڈنسی کیس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے کی۔ جج اعظم خان نے ہدایت کی کہ کمرہ عدالت میں سماجی فاصلے کا خیال رکھا جائے۔جس پر سابق صدر آصف زرداری کے وکیل فاروق نائیک نے کہا کہ کیا کریں کہ وکلا کی تعداد زیادہ ہے۔ آصف زرداری اور ڈاکٹر فریال تالپور کوروناوائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ دونوں کی جانب سے ان کے وکیل سینیٹر فاروق حمید نائیک نے ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا کہ جو ملزمان نہیں آسکتے ان کا وڈیو بیان ریکارڈ کر لیتے ہیں تاکہ مقدمے کی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ریفرنس کی کاپیاں جمع کرادی ہیں، عدالت ملزمان پر فرد جرم عاید کرے تاکہ ٹرائل کی کارروائی آگے بڑھائی جائے۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ایک سال سے یہ مقدمہ میڈیکل رپورٹس اور حاضری سے استثنا کی درخواستوں کے گرد گھوم رہا ہے لہٰذا اس مقدمے کی کارروائی کو جلد سے جلد شروع کیا جائے۔ملزم انور مجید کے وکیل لطیف کھوسہ نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ انور مجید کے وڈیو بیان کے باوجود فردِ جرم عاید نہیں ہو سکتی، جب تک ملزم خود عدالت میں پیش نہ ہو تب تک فردِ جرم عاید نہیں ہو سکتی۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جب عدالتی نمائندہ وہاں موجود ہوگا تب انور مجید کی حاضری لگ سکتی ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ انور مجید کے وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کے ا نتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ عدم پیشی کے باعث سابق صدر آصف زرداری پر پارک لین کیس میں فردِ جرم عاید نہیں کی جا سکی۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین کیس میں آصف زرداری اور دیگر پر فردِ جرم عاید کرنے کے لیے 26 جون کی تاریخ مقرر کر دی جبکہ اسی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت 7 جولائی کو ہوگی۔