الیکشن کمیشن نے بلاول کے مالی گوشواروں میں تضاد کا کیس ختم کردیا

146

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے مالی گوشوارے کیس میں بلاول زرداری کی جانب سے جمع کروایا گیا جواب قبول کرتے ہوئے ان کے خلاف کیس ختم کردیا ۔ بدھ کو رکن الیکشن کمیشن پنجاب جسٹس (ر)الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے بلاول کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ بلاول کی جانب سے سینیٹر فاروق حمید نائیک نے پیش ہو کر جواب جمع کروایا جسے الیکشن کمیشن نے قبول کر لیا۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے بلاول زرداری کے مالیاتی گوشواروں میں تضاد کا نوٹس لیا تھا اور پولیٹیکل فنانس ونگ نے مطمئن نہ ہونے پر معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوادیا تھا۔الیکشن کمیشن میں کیس کی کئی سماعتیں ہوئیں ۔ گزشتہ سماعت پر 3 جون کو بلاول کی جانب سے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروایا گیا تھا تاہم الیکشن کمیشن اس سے مطمئن نہیں ہوا تھااور دوبارہ بلاول کو نوٹس جاری کیا گیا تھا۔ تاہم بدھ کے روز سینیٹر فاروق حمید نائیک نے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوکر ایک مرتبہ پھر جواب جمع کروایا جسے الیکشن کمیشن نے منظور کرتے ہوئے بلاول کے خلاف کیس ختم کردیا۔