سکھر (نمائندہ جسارت) شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ، گھریلو سرگرمیاں مفلوج، سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم اور پریشر میں کمی کا سلسلہ بند کیا جائے، متاثرہ شہری۔ سندھ کے تیسرے بڑے شہر سکھر کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس انتظامیہ کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث ایک بار پھر گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے، جس کے باعث سکھر شہر کے مختلف علاقوں، نیو پنڈ، انجن شیڈ کالونی، بروہی محلہ، مائیکرو کالونی، پرانا سکھر، فریئر روڈ، مینارہ روڈ، چاند مسجد، ٹکر محلہ، واری تڑ روڈ و دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کے باعث گھریلو سرگرمیاں شدید متاثر ہوگئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں کی مکین خواتین نے سوئی گیس انتظامیہ کی مبینہ زیادتی کیخلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے بتایا کہ ہمیں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر میں کمی کے باعث امور خانہ داری میں سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، مردوں اور بچوں کو ناشتہ، کھانا دینے سمیت دن اور رات کے کھانے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ ایک ہانڈی پکانے کے لیے گھنٹوں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ ختم اور پریشر میں کمی کا سلسلہ بند کیا جائے۔