ٹھٹھہ، جعلی ڈومیسائل پر پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف

431

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ٹھٹھہ کے جعلی ڈومیسائل پر پولیس میں غیر قانونی بھرتیوں کا انکشاف، ڈی آئی جی حیدر آباد نے 26 جعلی ڈومیسائلوں کی تصدیق کے لیے ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کو لیٹر جاری کردیا۔ اس طرح ٹھٹھہ کے ضلعی کوٹہ پر دوسرے محکموں میں بھی غیر قانونی بھرتیوں کی باتیں گردش کرنے لگیں۔ سندھ کے دوسرے اضلاع کی طرح ٹھٹھہ سے بھی بڑی تعداد میں غیر مقامی لوگوں کو ڈومیسائل جاری ہونے کے انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی آئی جی حیدر آباد نے شک کی بنیاد پر 26 پولیس اہلکاروں کے ڈومیسائل کو تصدیق کرنے کا لیٹر جاری کردیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آفس کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ 26 پولیس اہلکاروں میں سے اس وقت تک 9 پولیس جوانوں کے ڈومیسائل کا ریکارڈ موجود ہے، باقی 17 جوانوں کے ڈومیسائل کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے۔ ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ 2007ء اور 2013ء میں محکمہ پولیس میں ہونے والی بھرتیوں میں 9 پولیس اہلکار ضلع ٹھٹھہ کے کوٹہ پر بھرتی ہوئے تھے جو ابھی تک ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔ ٹھٹھہ کے سماجی رہنماؤں نے جعلی ڈومیسائل پر غیر مقامی لوگوں کی بھرتی کو سرکاری محکموں کی ایس او پیز کمزور ہونے کی وجہ قرار دے دیا ہے، سوچنے کی بات ہے تمام ڈومیسائل ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری ہوئے اور ڈپٹی کمشنر بے خبر یا باخبر اس بات کی تصدیق بھی ان حالات میں ضروری بن چکی ہے۔