دادو سول اسپتال کے عملے کو 250 حفاظتی کٹس کی فراہمی

309

دادو(نمائندہ جسارت) گورنر سندھ عمران اسماعیل کی ہدایات پر دادو سول اسپتال کے عملے کو 250 حفاظتی کٹس فراہم کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق دادو سول اسپتال میں کورونا سے لڑنے کے لیے پیرامیڈیکل اسٹاف کے عملے کو حفاظتی سامان کی 250 کٹس پی ٹی آئی دادو کے صدر سردار عاشق علی زنئور، سردار رجب علی شاہانی و دیگر پی ٹی آئی رہنمائوں نے پیرامیڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر امجد علی مستوئی، چیف آرگنائزر راجا رفیق پنھور، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ دادو اسپتال ڈاکٹر عبدالحمید میرانی ودیگر کے حوالے کر دیں۔ اس موقع پر پیرامیڈیکل نے پی ٹی آئی قیادت اور مقامی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت فرنٹ لائن پر ہیلتھ پروفیشنل لڑرہے ہیں سامان مہیا کرنے پر ہم شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دیگر مطالبات کے لیے بھی ہمارا ساتھ دیا جائے۔ پی ٹی آئی ضلع دادو کے صدر سردار عاشق علی زنئور نے کہا حفاظتی کٹس کے لیے حلیم عادل شیخ سے رابطہ کیا جنہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے 250 کٹس فراہم کرائی ہیں جو ڈاکٹرز کے حوالے کی گئی ہیں، مزید بھی پیرامیڈیکل کے مطالبات کے ساتھ ہیں ان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ ہیلتھ پروفیشنل ہمارے ہیروز ہیں جو اس وقت فرنٹ لائن پر ہماری لیے کورونا سے لڑ رہے ہیں سندھ حکومت ان کے تمام مطالبات بنا کسی دیر کے منظور کر کے ان کو دیگر سہولیات بھی فراہم کرے گی۔