بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی عدم واپسی مجرمانہ لاپروائی ہے، شہباز شریف

149

لاہور (نمائندہ جسارت )مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی تاحال عدم واپسی مجرمانہ لاپروائی اور قابل مذمت ہے۔اپنے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر محمد شہباز شریف بیرون ملک پاکستانیوں کے پاس پیسے ختم ہونے اور ان سے ٹکٹ کے زاید کرائے وصول کرنے کی اطلاعات قابل افسوس ہیں۔ میاں شہباز شریف نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بیان دے کر بھول جاتے ہیں، بیرونِ ملک سفارت خانوں کے عدم تعاون کی شکایات عام ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی واپسی کے لیے وزیر اعظم، وزیرِخارجہ اور سفارت خانوں کی سفارشیں ڈھونڈنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تقریر، بیان، دعوے چھوڑیں، حکومت بیرونِ ملک پاکستانیوں کی عملی مدد کرے، ان کی واپسی کا واضح پلان اور تاریخ دے۔