لاڑکانہ، سینٹرل جیل میں قیدیوں کی مزاحمت، 4 اہلکار یرغمال

181

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ سینٹرل جیل میں انتظامیہ کی جانب سے کورونا پازیٹو قیدیوں کو بیرکس میں کوارنٹین اور دیگر اضلاع کی جیلوں میں منتقل کرنے کی کوشش پر قیدیوں کی مزاحمت، 4 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنالیا۔ انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد پولیس اہلکاروں کو چھوڑ دیا گیا۔ ضلعی ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اطہر شاہ کے مطابق دو روز قبل 60 قیدیوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے تھے، جن میں سے 12 قیدیوں کے ٹیسٹ پازیٹو آئے، تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے قیدیوں کو بیرکس میں کوارنٹین کرنے کرنے اور دیگر اضلاع کی کم قیدیوں والی جیلوں میں منتقل کرنے کی حکمت عملی بنانے پر قیدیوں کی جانب سے مزاحمت کرتے ہوئے سینٹرل جیل کے 4 پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنایا گیا، جس کے بعد جیل سپرنٹنڈنٹ ممتاز اعوان نے قیدیوں سے مذاکرات کر کے یقین دہانی کروائی کہ کسی قیدی کو بھی دوسری جیل میں منتقل نہیں کیا جائے گا۔ انتظامیہ سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد قیدیوں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو رہا کردیا گیا، تاہم جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مزید قیدیوں کے بھی کورونا ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔