اسلام آباد(صباح نیوز) سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کورونا کی صورتحال روز بروز تشویشناک ہوتی جارہی ہے۔ حکومت کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کے لیے کچھ نہیں کرے گی عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ چوتھا مہینہ چل رہا ہے مگر آج تک اس حوالے سے حکومت کی کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آئی ۔ وثوق سے کہتا ہوں اسمبلی سے کورونا پھیلانے کا کوئی خطرہ نہیں۔ میری طبیعت بتدریج بہتر ہورہی ہے ۔ بخار بھی ٹھیک ہوچکا ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری طبیعت ٹھیک ہے دو دن پہلے بخار ہوا تھا ٹیسٹ کرانے سے پتہ چلا مجھے کورونا ہے اس کے بعد میں نے اپنے آپ کو آئیسو لیٹ کرلیا اب اللہ تعالیٰ کا کرم ہے مجھے بخار بھی نہیں ہے مجھے بخار کے علاوہ کورونا کی کوئی علامات نہ تھی ۔ مگرٹیسٹ مثبت آیا ۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں وثوق سے کہتا ہوں کہ اگر اسپیکر کے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل کیا جائے تو اسمبلی سے کورونا پھیلنے کا کوئی خطرہ نہیں ہے جتنے بھی اسمبلی ممبران کورونا کا شکار ہوتے ہیں کسی کے بارے میں کوئی شواہد نہیں ہے کہ اسے اسمبلی سے کورونا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے حکومت کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ حکومت کورونا روکنے کیلئے کچھ نہیں کرے گی۔ عوام کو بھگتنا پڑ گا چوتھا مہینہ چل رہا ہے ابھی تک حکومت کی کوئی حکمت عملی سامنے نہیں آئی اور کورونا بڑھتا جارہا ہے جو انتہائی تشویشناک بات ہے۔ اسمبلی ارکان کی بڑی تعداد کو کورونا بھی ہے اور بہت سی اموات بھی ہوتی ہیں ۔ جلد حکومت کی کوئی پالیسی سامنے آنی چاہیے کورونا کا پھیلاﺅ روکنا صرف اور صرف لاک ڈاﺅن میں ہے اگر پاکستان 6 ہفتہ تک مکمل لاک ڈاﺅن کردے تو کافی حد تک کورونا سے نجات مل جائے گی۔