سکھر( نمائندہ جسارت)جعلی بھرتیوں میں ملوث محکمہ تعلیم کے دو افسران گرفتار،کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر جام اکرام دھاریجوکا بیان۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو کی ہدایت پر محکمہ انسداد بدعنوانی نے کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف اپنی کارروائیوںکو تیز کرتے ہوئے جعلی بھرتیوں میں ملوث محکمہ تعلیم کے دو افسران کو گھوٹکی سے گرفتار کرلیا۔ اینٹی کرپشن گھوٹکی سرکل کی ایک ٹیم نے انسپکٹر ایاز میمن کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی بھرتیوں اور سرکاری ریکارڈ میں ہیر پھیر میں ملوث تعلقہ ایجوکیشن افسر اباڑو اللہ بچایو قاضی گریڈ 18 اور سابقہ تعلقہ ایجوکیشن افسر اللہ وارایو چاچڑ کو گرفتارکر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ تیسرا ملزم اختر حسین دھاندو مفرور بتایا جاتا ہے۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ دریں اثنا صوبائی وزیر برائے اینٹی کرپشن و صنعت وتجارت اور محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کیا جارہا ہے اور کرپشن سے متعلق شکایات پر فوری ایکشن لیا جارہا ہے۔ انہوں نے کرپشن میں ملوث افراد کو خبردار کیا کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں اور اپنے فرائض ایمانداری سے انجام دیں بصورتِ دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔