پشاور(آئی این پی) پولیس نے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔منگل کوسی سی پی او محمد علی گنڈا پور کے مطابق گرفتار ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر اسلام، جماعت الاحرار اور داعش سے ہے اور یہ پشاور میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی منصوبندی کررہے تھے۔ 4 دہشت گردوں کو پولیس مقابلہ کے بعد حراست میں لیا گیا اور بعد ازاں ان کی نشاندہی پر مزید 4 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار دہشت گردوں میں لیاقت، خان اکبر، عاکف، واجد، نندار علی، حسین شاہ، محمد زمان اور معراج الدین شامل ہے ملزمان میں ایک کا تعلق افغانستان جبکہ دیگر کا تعلق ضلع خیبر سے ہے۔ان کے قبضے سے 4 دستی بم، کلاشنکوف اور 4 پستول ،تحریب کاری میں استعمال ہونے والی2 موٹر سائیکل اور ایک موٹر کار بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے 14جنوری اور 23فروری کو کارخانو چیک پوسٹ پر ہینڈ گرنیڈ حملے، یکم مئی کو متنی میں تاجروں کے گھر اور بھٹہ خشت پر ہینڈ گرنیڈ حملے اور 10 مئی کو بھانہ ماڑی میں کارروائیاں کرچکے ہیں۔ گرفتار کیے گئے دہشت گردبھتا خوری کی سرگرمیوں میں بھی ملوث ہیں۔