اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے احتساب کا کیاوعدہ پورا کردیا ہے اب نظام بہتر ہوگا ،لوٹ مار ختم ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا ۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ چینی مہنگی ہونے پر وزیراعظم نے انکوائری کا فیصلہ کیا جس پر اپوزیشن نے مضحکہ خیز باتیں کیں ، مگر انکوائری ہوئی اورپھر پبلک بھی ہوئی ۔ سندھ میں شوگر ملوں کو 4 ارب روپے کی سبسڈی مل رہی تھی ۔ مراد علی شاہ نے زرداری کی شوگر ملوں کوسبسڈی کابینہ کی مخالفت
کے باوجود دی ۔ شہباز شریف نے شوگر ملوں کو 20 ارب روپے کی سبسڈی دی ۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری رپورٹ آئی ، ذمے داروں کا تعین ہوا اور ان کیخلاف کارروائی کا فیصلہ ہوا اب ان سے وصولیاں ہوں گی ۔ عمران خان نے بجلی کے منصوبوں کی انکوائری کروائی ،شوگر ملوں کو عوام کا پیسہ سبسڈی کی صورت میں دیاجاتا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ میں ہے کہ سندھ کا پیسہ آصف زرداری کے جعلی بینک اکاﺅنٹس میں جارہا تھا ، پہلے بھی 3 کیسز میں مراد علی شاہ کا نام تھا اس پر کارروائی ہونی چاہیے جب تک یہ وزارت اعلیٰ کے منصب پربیٹھے رہیں گے عوام کولوٹتے رہیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ انکوائریوں کے ثمرات عوام تک پہنچیں گے آٹے کی انکوائری میں جو لوگ سامنے آئے ان کیخلاف بھی کارروائی ہورہی ہے۔