شاہد خاقان ،شیخ رشید اور جے پر کاش میں کورونا وائرس کی تصدیق

108

اسلام آباد/ کراچی (نمائندہ جسارت/خبر ایجنسیاں) ن لیگ کے سینئر رہنما و سابق وزیراعظم شاہد خاقان، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔شیخ رشید احمد اور شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے ۔ شیخ رشید کو بظاہر کورونا کی کوئی علامات نہیں تاہم وہ ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق 2 ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پارٹی کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ انہوں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا جو مثبت آیا ہے‘شاہد خاقان عباسی نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ہے۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان نے طبیعت کی ناسازی پر گزشتہ روز کورونا کا ٹیسٹ کرایا تھا جس کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ (ن) لیگ کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا میں مبتلا ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ ذ رائع کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی جے پرکاش نے گزشتہ رات پارلیمنٹ لاجز میں دعوت کا اہتمام کیا جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، رکن اسمبلی لعل چند اور عمر کوٹ سے پی ٹی آئی کارکنان بھی شریک تھے۔ جے پرکاش کی دعوت میں شرکت کے باعث شاہ محمود قریشی نے بھی کورونا ٹیسٹ کرا لیا ہے جس کی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیںملک میں پیر کو کورونا سے مزید 65 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2113 ہوگئی جب کہ 4728 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 105929 تک پہنچ گئی ہے۔ صحتیاب مریضوں کی تعداد34355 ہوگئی‘ اب تک پنجاب 715، سندھ 650، خیبر پختونخوا 575، بلوچستان54 ، اسلام آباد 52، گلگت بلتستان13 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں پیرکو کورونا کے 350 کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئی ہیں‘ اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 5329 جب کہ 52 افراد انتقال بھی کر چکے ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 843 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔پیر کو سندھ میں کورونا سے مزید 29 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 679 ہوگئی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 1447 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 39555 تک جا پہنچی ہے‘ صوبے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 19137 ہو گئی ہے۔ 24گھنٹے کے دوران پنجاب میںمزید 32 افراد جان کی بازی ہارگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 715 ہوگئی۔ پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 1813 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 38903 تک جاپہنچی ہے۔صوبے میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 8109 ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کے باعث مزید 12 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 587 ہوگئی۔ صوبائی محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 519 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 14006 ہوگئی ہے۔صوبے میں اب تک 3579 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ بلوچستان میں کورونا کے مزید 272 کیسز اور 4 اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 6788 ہوگئی جب کہ ہلاکتوں کی تعداد 58 ہوگئی ہے‘صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2360 ہے۔گلگت بلتستان سے بھی پیر کو مہلک وائرس کے 20 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 952 ہو گئی ہے جب کہ مزید ایک شخص کے ہلاک ہونے کے بعد گلگت میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔ گلگت میں اب تک 597 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ آزاد کشمیر میں بھی کورونا کے مزید 65 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 396 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ کورونا سے اب تک 195 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔