حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق اور جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری امیر العظیم نے کورونا وائرس سے متاثر ہوکر اسپتال میں زیر علاج حیدرآباد پریس کلب کے سابق صدر اور سینئر صحافی شاہد شیخ سے ٹیلی فون پر خیریت دریافت کی ہے۔انہوں نےشاہد شیخ سمیت تمام بیماروں کی جلد صحت یابی کے لیے دُعا بھی کی ۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی پاکستان سنیٹر سراج الحق نے امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید سے ٹیلی فون پر حیدرآباد کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی گفتگو بھی کی ۔ سراج الحق نے ضلعی امیر حافظ طاہر مجید اور ضلعی عہدیداران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ اپنی سرگرمیوں کے نیٹ ورک کو مزید منظم کریں۔ سندھ میں کوئی مسجد، مندر، گوردوارہ، چرچ اور کوئی دربار ایسا نہیں ہونا چاہیے جہاں ہمارے رضا کار نہ پہنچیں۔ ہر جگہ صفائی کر کے سینی ٹائزر کا اسپرے کیا جائے تاکہ کورونا کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے۔ سراج الحق نے الخدمت فاﺅنڈیشن کے ساتھ جے آئی یوتھ، اسلامی جمعیت طلبہ، جمعیت طلبہ عربیہ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت تمام برادر تنظیمات کے کارکنوں کو بھی شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔