حکومت نااہل ہے‘ کورونا سے اپیل ہے ہمارے حال پر رحم کرے ‘ احسن اقبال

318

نارووال(مانیٹر نگ ڈ یسک )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت نالائق، نااہل اور نا سمجھ ہے اس لیے اب ہم کورونا سے اپیل کرتے ہیں ہمارے حال پر رحم کرے۔ نارووال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ڈاکٹر عمران نیازی نیم حکیم خطرہ جان ثابت ہوئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے دفاع اور ترقیاتی بجٹ کے لیے سب سے زیادہ پیسے دیے، موجودہ حکومت ترقیاتی بجٹ میں ہمارے دور کے مقابلے میں 600 ارب کٹوتی کرنے جارہی ہے، ترقیاتی بجٹ 2000 ارب سے گھٹا کر 1400 ارب کریں گے تو ملکی صنعت کا پہیہ کیسے چلے گا؟، حکومتی نالائقی اور نااہلی سے ترقیاتی بجٹ میں کٹوتی سے قوم اور نوجوانوں کا مستقبل اندھیروں کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔ اسمبلی میں ڈٹ کر اس حکومتی اقدام کی مخالفت کریں گے، موجودہ حکومت کو قوم کے مستقبل سے نہیں کھیلنے دیں گے۔احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں کورونا کی وبا بے قابو ہو چکی ہے لیکن حکومت کی حکمت عملی نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی، ہماری حکومت نالائق اور نا سمجھ ہے، اب ہم کورونا سے اپیل کرتے ہیں ہمارے حال پر رحم کرے، حکومت کے پاس اگر کوئی کورونا حکمت عملی ہے تو قومی اسمبلی میں لائے، حکومت نے بیرون ملک سے ملنے والا امدادی سامان کس کو دیا ہے؟، اس کی تفصیل بھی اسمبلی فلور پر دی جائے۔رہنما (ن) لیگ کا کہنا تھا کہ آج بھی وزراء کورونا سے لڑنے کے بجائے اپوزیشن سے لڑ رہے ہیں، حکومت اپوزیشن کی پگڑیاں اچھالتی رہی اور ٹڈی دل کسان کی فصلیں اجاڑتی رہی، پاکستان کی سب سے کرپٹ حکومت پی ٹی آئی کی حکومت ہے، 300 ارب کی چینی چوری عمران خان اور عثمان بزدار کے حکم پر ہوئی ہے، ہمارے دور میں غریب آدمی چینی 52 روپے کلو خریدتا تھا، بتائیں آپ کے دور میں چینی 52 سے 90 روپے کلو کیوں ہوئی؟