اسلام آباد (اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے‘ہمارے رویے ماضی کے حکمرانوں کی طرح رہے تو ہم ناکام ہونگے۔وہ اتوار کو متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی سفیر غلام دستگیر خان نے وزیر خارجہ کو کرونا وبا کے تناظر میں یو اے ای میں پاکستانی کمیونٹی کی صورت حال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے احساس ہے کہ یو اے ای میں ہماری 1.6 ملین کمیونٹی ہے اتنی بڑی کمیونٹی کی توقعات پر پورا اترنا مشکل کام ہے اورسیز پاکستانیوں نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ان کے جائز مطالبات کو حل کرنا ہماری ذمے داری ہے‘ مجھے یقین ہے کہ آپ نے اس کٹھن گھڑی میں تندہی سے کام کیا ہے‘ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہماری پارٹی کے استحکام میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے،یہ پاکستانی اپنا خون پسینہ بہا کر اپنا زرمبادلہ بھجوا رہے ہیں اور پاکستان کی معیشت کو سہارا دیے ہوئے ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ دوبئی میں جس طرح پاکستانی سفارتخانے نے راشن تقسیم کیا اس پر لوگوں نے ہماری کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ان عناصر کی نشاندہی کیجیے جو ٹکٹس کی مد میں پاکستانیوں سے اوور چارج کر رہے ہیں۔جن لوگوں کے ویزوں کی مدت ختم ہو چکی ہے یو اے ای میں ہمارا سفارت خانہ ان کی معاونت ترجیحی بنیادوں پر کر رہا ہے۔