ملتان (آن لائن) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے عدالتی نظام کو ڈیجیٹل بنا رہے ہیں، جدید سسٹم میں وقت لگے گا، معاملات میں شفافیت اور زیر التوا مقدمات کو نمٹانا ترجیح ہے،حکومت پنجاب مستحق وکلا کےلیے ڈسٹرکٹ بار کو 60اور ہائی کورٹ بار کو 75لاکھ دیے ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان کی زیر صدارت ملتان میں بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ نئے ای سسٹم میں وکلا اور ججز وڈیو لنک سے رابطے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نئے نظام میں وکیل صرف سافٹ کاپی جمع کرائے گا اور وکیل کے رجسٹرڈ موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس پر مزید خط و کتابت ہو گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ جدید سسٹم میں وقت لگے گا جس کا مقصد تمام معاملات میں شفافیت لانا ہے، ہماری سب سے بڑی ترجیح زیر التوا مقدمات کو نمٹانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومتِ پنجاب نے ہماری ہدایت پرغریب اور مستحق وکلا کے لیے ہر ڈسٹرکٹ بار کو 60 لاکھ جب کہ ہائی کورٹ بارز کو 75 لاکھ روپے دیے ہیں۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان نے بتایا کہ غریب اور مستحق وکلا میں ان رقوم کی تقسیم 8 جون سے شروع کر دی جائے گی، رقوم تمام ڈسٹرکٹ اور ہائی کورٹ بارز کے عہدیداروں کے حوالے کر دی گئی ہیں۔