نیب سکھر آفس میں 19 افسران میں کورونا وائرس کی تصدیق

179

سکھر( نمائندہ جسارت )مہلک وائرس کو وِڈ نائنٹین نے قومی احتساب بیورو سکھر کو بھی گھیر لیا ہے۔ نیب سکھر آفس میں 2 اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت 19 افسران میں کرونا وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا میں مبتلا عملے میں آئی ٹی سیکشن اور انویسٹی گیشن برانچ کے افراد بھی شامل ہیں۔ پازیٹو آنے والے تمام افراد کو ان کے گھروں میں قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ادھر ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے اپنے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ اس وقت سندھ میں کورونا کے 198 مریض آئی سی یو میں داخل ہیں جن میں سے 55 وینٹی لیٹرز پر ہیں، 149 مریضوں کو آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کورونا کے اعداد و شمار میں اضافہ ہوا ہے کیوں کہ ملک میں 2 ہفتے سب چیزیں کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ اور قومی اسمبلی میں مزید 6اراکین میں وائرس کی تصدیق ہو گئی تھی۔