بلاول زرداری امریکی خاتون کے الزامات کا جواب دیں‘تحریک انصاف کا مطالبہ

245

کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پی پی بلاول زرداری کی پریس کانفرنس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف نے بلاول زرداری سے امریکی خاتون کے الزامات کا جواب دینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ بلاول ہاؤس کے بنکر میں چھپے پارٹی چیئرمین اپنی حکومت سے نالائقیوں کا جواب لیں۔ دائیں بائیں نکموں کو بٹھا کر بلاول سندھ کی ترقی کی مثالیں دیتے اچھے نہیں لگتے، بلاول کو بتاناہوگا، صوبے میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کی وجوہات کیا ہیں؟۔ صوبے کا صحت، تعلیم کا نظام کیوں تباہ ہے؟، صوبے بھر میں لوگوں کے پاس پینے کا پانی موجود نہیں ہے، صوبے بھر کے آر او پلانٹس کیوں بند ہیں اور ان میں کتنی کرپشن ہوئی؟۔ ان کا کہنا تھا کہ12 سال اقتدار میں رہنے والی پیپلز پارٹی نے سندھ کو تباہ کردیا ہے، صوبہ سندھ اس وقت موئن جودڑو کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ٹڈی دل کے لیے وفاق صوبے کو فنڈ، ٹیمیں اور جہاز فراہم کرچکا ہے، بلاول آپ کے وزیر ٹڈی دل کے نام پر 60 کروڑ کا چونا قومی خزانے کو لگا چکے ہیں، 18 ویں ترمیم پی پی کے لیے وسائل لوٹنے کی ترمیم بنی ہوئی ہے۔ سندھ حکومت کو وفاق نے جتنا بھی سامان دیا وہ پرائیویٹ اسپتالوں میں بیچا گیا، سندھ میں ڈاکٹرز نرسز احتجاج پر ہیں۔ بلاول وفاقی حکومت کے اقدامات کے بجائے اپنے نانا کے آئین کو غلط قرار دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچے ڈوب جائیں یا روڈ حادثہ ہوجائے لیکن سندھ میں ایمبولینس تک موجود نہیں ہے، بلاول سیاست کو چھوڑیں جعلی اکاؤنٹس اور اومنی نوازی کا حساب دیں۔