اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا ہے کہ ایس او پیز عملدرآمد پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، سخت انتظامی اقدامات ملک کے طول و عرض میں شروع کیے جا رہے ہیں تاکہ بازار، ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے ۔ بدھ کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنل سینٹر (این سی او سی) میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے ضمن میں این سی سی کو تمام صوبوں کی حمایت حاصل ہے۔ اسد عمر نے کہا کہ ٹریڈ یونینز کے مطالبے پرکاروبار کھول دیے گئے تو اب ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد نہیں کیا جا رہا جو کہ وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن رہا ہے۔ بلوچستان کے چیف سیکرٹری نے بتایا کہ بازار کھلنے سے وائرس کا پھیلاؤ زیادہ ہوا ہے ، متعدد دکانداروں کو ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر جرمانے بھی عاید کیے ہیں، ٹرانسپورٹ کھولنے کیلیے ایس او پیز بنائے جا رہے ہیں ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ عوام کی جان کی حفاظت کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر جرمانے عاید کیے جائیں گے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے بتایا کہ صوبے میں سب سے بہتر عملدرآمد صنعتی سیکٹر میں دیکھنے میں آیا ہے تاہم ٹرانسپورٹرز کو ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔ چیف سیکرٹریز گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر نے اجلاس میں بتایا کہ ایس او پیز پر عمل کرایا جا رہا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے خوراک فخر امام، وفاقی وزی داخلہ اعجاز شاہ، معاون خصوصی برائے صحت ظفر مرزا، شہباز گل نے شرکت کی۔