لاڑکانہ ،آر او پلانٹ کے عارضی ملازمین15 ماہ سے تنخواہوں سے محروم

121

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ ضلع میں صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے نصب کردہ آر او پلانٹ کے ڈیلی ویجز ملازمین نے گزشتہ 15 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پریس کلب کے سامنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھاکر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر فاروق احمد عباسی و دیگر کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی جانب سے صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کے لیے سال 2012ء میں لاڑکانہ شہر کے 33 مقامات سمیت ضلع بھر میں پاک اویسز کی جانب سے 53 نصب کیے گئے جہاں اس وقت 53 ڈیلی ویجز ملازمین ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں تاہم ان آر او پلانٹ کے انتظامات محکمہ پبلک ہیلتھ سنبھال رہی ہے جن کی جانب سے ہمیں گزشتہ 15 ماہ سے تنخواہیں نہیں دی جارہیں جس کے باعث ہمارے گھر والے فاقہ کشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ و دیگر سے اپیل کی کہ تنخواہیں جاری کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔