لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ شہر کے یونین کمیٹی 4 اور 6 میں صفائی کے ناقص انتظامات اور گندا پانی نہ نکالنے کیخلاف علاقہ مکینوں نے نظر محلہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کرکے شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر علاقہ مکینوں عبدالقادر چانڈیو، غلام رسول میربحر، محمد ہاشم سہتو و دیگر کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقوں کے ہر محلے اور گلی میں گندا پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، معاملے کے متعلق متعدد بار یوسی چیئرمینوں کو شکایتیں کرچکے جن کی جانب سے مسائل حل نہیں کیے جارہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ اور محکمہ بلدیہ سے اپیل کی ہے کہ صفائی کے بہتر انتظامات کرکے گندا پانی نکالاجائے۔