سکھر،سٹی پوائنٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ،سماجی رہنما ملک اسلام کاکا قتل

168

سکھر(نمائندہ جسارت) سٹی پوائنٹ پر مسلح افراد کی فائرنگ، سماجی رہنما ملک اسلام کاکا قتل، ایک شخص زخمی، اسپتال منتقل، واقعہ بچل شاہ میانی میں ملک برادری کے دو گروپوں میں جاری تنازعے کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے۔تفصیلات کے مطابق سٹی پوائنٹ کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سماجی رہنما ملک اسلام کاکا قتل، جبکہ اس کے ساتھ موجود بچل شاہ میانی کا رہائشی ملک شرف الدین زخمی ہوگیا۔ اس حوالے سے زخمی ملک شرف الدین کے ورثا کا کہنا ہے کہ ان کی ہی برادری سے تعلق رکھنے والے شخص نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں سماجی رہنما ملک اسلام کاکا جاں بحق ہوگئے، جبکہ مسلح افراد ملک شرف الدین کو مارنا چاہتے تھے، جو گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ ائرپورٹ تھانے کی پولیس ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے۔آخری اطلاعات تک واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ ملزمان کا تعلق بھی ملک برادری سے ہے۔ امداد علی ملک نے الزام لگایا ہے کہ وزیر ملک نے حملہ کیا ہے جن کے ساتھ تنازع کا فیصلہ کیا گیا تھا اور 10لاکھ قسط بھی ادا کی گئی تھی مزید 5لاکھ عید قربان پر دینی تھی۔ دوسری جانب ورثا نے سکھر سول اسپتال کے ناقص انتظامات کی شدید مذمت کی ہے ان کا کہنا ہے کہ اگر ایمرجنسی میں اسپتال کے انتظام بہتر ہوتے تو زندگی بچائی جا سکتی تھی۔ سول اسپتال میںناقص انتظامات پر دوسرے زخمی کو نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے میں جاں بحق ہونے والے سماجی رہنما ملک اسلام کاکا کی نماز جنازہ میانی روڈ پر غزنوی پارک میں ادا کی گئی، جس کے بعد مرحوم کو نواں گوٹھ کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔