بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں: سراج الحق

726

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کا کہنا ہے کہ بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانی شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ حکومت اپنی ذمہ داریاں نہیں نبھا رہی۔

پشاور میں بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی سے متعلق مظاہرے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کےساتھ کھڑے ہیں، حکومتی ذمہ دار اپنی ذمہ داریاں صحیح انداز میں نہیں نبھا رہے۔

سراج الحق نے کہا کہ بیرون ممالک میں موجود پاکستانیوں نے ہر مشکل کی گھڑی میں اپنے ملک کی مدد کی ہے، بہت سے مسافر بیمار ہیں جبکہ وفات پانے والوں کی میتیں وطن لانے میں مشکلات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ  وزراء نے اپنی عید سیاحتی مقامات پر گزاری، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا کردار نہ ہونے کے برابرہے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نےکہا کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک میں ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں،بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

سینیٹر مشتاق احمد کان نے کہا کہ لاک داؤن کے باعث روزگار نہ ہونے سےپاکستانی شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ  وفاقی حکومت سوشل میڈیا کی حد تک بیانات دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے خصوصی پروازیں چلائی جائیں، وطن واپسی کے بعد ان پاکستانیوں کو مزید تکلیف دینے کے بجائے ریلیف دیا جائے۔