نوابشاہ ،عزیز میمن قتل کیس کا ایک اور مفرور ملزم گرفتار

154

نوابشاہ(بیورو رپورٹ)سندھ کے علاقے محراب پور کے مقتول صحافی عزیز میمن قتل کیس میں گرفتار ملزمان کی تعداد 4 ہوگئی ہے جب کہ مزید 4 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق مقدمے کے 5 مفرور ملزمان میں سے مزیدایک ملزم کو گرفتارکیا گیا ہے جب کہ بقیہ 4 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔دوسری جانب اس سے قبل گرفتار کیے گئے ایک ملزم ظفر سہتو کو مقامی عدالت نے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ اس کے علاوہ گرفتار کیے گئے دیگر 2 ملزمان فرحان اور امیر بخش سہتو کو عدالت نے جیل بھیج دیا ہے۔ پولیس کے مطابق 2 روزقبل گرفتارکیے گئے دونوں ملزمان کو شناختی پریڈ کے دوران مقتول کے بھائی اورگواہان نے شناخت کرلیا ہے۔خیال رہے کہ 16 فروری کو محراب پور کے قریب نہر سے صحافی عزیز میمن کی لاش ملی تھی جن کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ عزیز میمن کی موت دَم گ±ھٹنے کے باعث ہوئی۔سندھ حکومت نے صحافی عزیز میمن کے مبینہ قتل کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی تھی۔مقتول صحافی عزیز میمن کو گذشتہ سال بلاول کے ٹرین مارچ کے دوران اس وقت شہرت ملی تھی جب انہوں نے ٹرین مارچ میں 200 روپے لے کر آنے والی خواتین کی اسٹوری کی تھی۔خبر کے بعد مقتول صحافی عزیز میمن کو دھمکیاں مل رہی تھیں جس کا اظہار انہوں نے کئی بار کیا بھی تھا۔