اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ ایل این جی سے چینی اسکینڈل تک جن صاحب کی وارداتوں کا سلسلہ دراز ہے وہ قوم کو بھاشن دے رہے ہیں، چینی کمیشن نے بھی پاناما جے آئی ٹی کی طرح موصوف کی وارداتوں سے پردہ اٹھایا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کی گفتگو پر انہوں نے کہا کہ پاناما والوں سے کوئی جواب بن پڑا نہ چینی اور ایل این جی والوں کے پاس اپنی صفائی میں کہنے کو کچھ ہے،عباسی صاحب شاید بھول گئے کہ پاکستان تبدیل ہوچکا ہے اور وارداتیں چھپانے کا زمانہ گزر گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمیشن نے قوم کو بتایا عباسی صاحب کیسے شریفوں کے مفادات کی نگہبانی کرتے رہے، ادھر سندھ میں مراد علی شاہ زرداریوں کی ملوں کو نوازتے رہے۔ مراد سعید نے کہا کہ عمران خان کی پہلی اور آخری ترجیح عوام اور عوامی مفادات کا تحفظ ہے، جس جس نے عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالا اس کا محاسبہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عباسی صاحب ایل این جی کا ہی نہیں چینی کا بھی جواب دیں گے۔