اسلام آباد(اے پی پی)جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے شام کے صوبے ادلب میں واقع چھٹے خلیفہ اسلام حضرت عمر بن عبدالعزیزؒ کے مقدس مزار کی شرپسند عناصر کے ہاتھوں شہادت ،پامالی اور بے حرمتی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ہفتے کو جاری بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے واقعے سے عالم اسلام کے دل و دماغ لرز اٹھے ہیں، اندوہناک واقعے پر امت مسلمہ کے دل رنجیدہ اور خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ اسلامی دنیا اور او آئی سی تنظیم فوراً ایکشن لے کر خلیفہ عمر بن عبدالعزیزؒ کے مزار کو اصل حالت میں بحالی یقینی بنائیں اور ذمے داروں کو عبرت کا نشانہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام مدفون انسانوں کے اجساد و باقیات کی تضحیک کی کسی صورت اجازت نہیں دیتا۔ خلیفہ عادل حضرت عمر بن عبدالعزیز ؒصحابہ کرامؓ کی علامت ، امت کے مجدد اول اور عالم اسلام کی قابل فخر علامت تھے، ان کا دور حکومت عدل و انصاف اور مساوات کا درخشندہ یادگار تھا ، وہ اہل بیت اور پورے عالم اسلام کے محسن منصف حکمران تھے۔مولانا فضل الرحمن نے خلیفہ عمر بن عبدالعزیزؒ کے مزار کی بے حرمتی اور اہلیہ سمیت دیگر کے جسد خاکی کی توہین اور باقیات کو نذر آتش کرنے کے ساتھ مزار سے منتقلی انتہائی مذموم اور قبیح فعل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس دلخراش واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ مزار کی بے حرمتی پر اسلامی دنیا کے رہنماؤں اور حکمرانوں کو پوری دنیا میں مؤثر احتجاج اور بروقت اقدامات کرنے چاہئیں ۔