واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے وینزویلا کو ایرانی تیل فراہمی میں معاونت کرنے والی حکومتوں، بندرگاہوں اور انشورنس کمپنیوں کو سخت پابندیوں کی دھمکی دے دی۔ وینزویلا کے لیے واشنگٹن کے نمایندے ایلیوٹ ابرامس نے کہا کہ ایران اور وینزویلا کے خلاف امریکی مہم میں مداخلت بڑے خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز ایران کی طرف سے وینز ویلا کو تیل سے لدے چوتھے جہاز کی کھیپ موصول ہوئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے وینز ویلا کو تیل کی فراہمی امریکا کو کھلا چیلنج دینے کے مترادف ہے۔ ایران کی طرف سے کئی تیل بردار جہاز وینز ویلا کی طرف روانہ کیے جا رہے ہیں اور اس وقت بھی ایران کے کئی آئل ٹینکر بحر اوقیانوس میں سفر کررہے ہیں۔