پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس،احسن اقبال الیکشن کمیشن طلب

166

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریک انصاف کے خلاف فارن فنڈنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سیکریٹری احسن اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 2 جون کو طلب کرلیا ہے۔الیکشن کمیشن نے احسن اقبال کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کیس میں تمام شواہد اور ثبوت اسکروٹنی کمیٹی کو پیش کریں اور اگر وہ الیکشن کمیشن میں 2 جون صبح 11 بجے پیش نہ ہوئے تو ان کی غیرحاضری میں ہی فیصلہ کردیا جائے گا۔الیکشن کمیشن نے 29مئی کو جاری نوٹس میں احسن اقبال کو واضح کیا کہ وہ خود یا اپنے وکیل کے ذریعے فارن فنڈنگ کیس کی سماعت میں پیش ہوسکتے ہیں۔واضح رہے کہ احسن اقبال نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر پانچ سال سے زیرالتوا فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر تحریک انصاف کو بیرون ممالک سے موصول ہونے والی بھاری فارن فنڈنگ کی طرف توجہ مبذول کرائی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ اس کیس میں اسٹیٹ
بینک سے آنے والا ریکارڈ سامنے لایا جائے۔مسلم لیگ ن کے سیکریٹری اس کے علاوہ عمران خان کے دستخطوں سے کھولے گئے 23 خفیہ اکاونٹس کی تفصیل بھی عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کرچکے ہیں۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف بانی رکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں مذکورہ کیس دائر کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ غیر قانونی غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے ‘ہنڈی’ کے ذریعے مشرق وسطیٰ سے پی ٹی آئی ملازمین کے اکاو¿نٹس میں بھیجی گئی۔ان کا یہ بھی الزام تھا کہ جو فنڈز بیرونِ ملک موجود اکاو¿نٹس حاصل کرتے تھے، اسے الیکشن کمیشن میں جمع کروائی گئی سالانہ آڈٹ رپورٹ میں پوشیدہ رکھا گیا۔بعد ازاں ایک سال سے زائد عرصے تک اس کیس کی سماعت ای سی پی میں تاخیر کا شکار رہی تھی کیونکہ پی ٹی آئی کی جانب سے اکتوبر 2015 میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی کہ اس کے اکاو¿نٹس کی جانچ پڑتال سے ای سی پی کو روکا جائے۔