تمام صوبے کورونا سے متعلق تازہ ترین معلومات شیئر کریں‘ اسد عمر

91

اسلام آباد(اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسدعمر نے ہدایت کی ہے کہ عوامی سہولت کے لیے تمام صوبے ریسورس مینجمنٹ سسٹم (آر ایم ایس) میںکورونا وائرس کی وبا کے تدارک کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور تازہ ترین معلومات شیئر کریں۔ وہ جمعہ کو اپنی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی وبا کے پس منظر میں تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے
منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ ریسورس مینجمنٹ سسٹم (آ ر ایم ایس) کورونا وائرس کے حوالے سے ملک کے ہر شہری کو اسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز سمیت دیگر سہولیات کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرتا ہے۔ فورم کے شرکا نے اس نظام کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ ،وزیراعظم کے معاون صحت ڈاکٹر ظفرمرزا، وزیر اعظم کے کورونا وائرس کے فو کل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، وزیر اعظم کی مشیر برائے ڈیجیٹل پاکستان تانیہ ایدروس، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودا لزمان خان ،صوبائی چیف سیکرٹریز ،آزاد جموں و کشمیر ،گلگت بلتستان کے نمائندگان سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔