پاک افغان ٹرانزٹ معاہدہ، گوادر پورٹ کو تجارت کیلیے کھول دیاگیا

202

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) پاک افغان ٹرانزٹ معاہدے کے تحت گوادر پورٹ کو افغان ٹرانزٹ تجارت کے لیے کھول دیاگیاہے، اس سلسلے میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا سامان سے بھرا بحری جہاز گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔ بحری جہاز میں 16 ہزار میٹرک ٹن فرٹیلائزر لوڈ ہے۔ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کو گوادر سے بذریعہ سڑک افغانستان روانہ کیا جائے گا۔ پاکستان چین اقتصادی راہداری اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو سے علاقائی اقتصادی تعلقات کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ گوادر بندرگاہ سے بڑی سطح پر تجارتی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں اس میں دونوں ملکوں کے کاروباری حلقوں نے اس پیش رفت کو تجارت کے فروغ کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے گوادر بندرگاہ کے ذریعے افغانستان کے لیے چینی، کھاد اور گندم کی برآمدات کی ترسیل سر بمہر ٹرکوں کے ذریعے کی جائے گی۔ گوادر بندرگاہ کے حکام نے بتایا کہ افغانستان برآمد کے لیے مزید 16 ہزار میٹرک ٹن کھاد، اور پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم آئندہ ماہ گوادر بندرگاہ پر پہنچے گی۔