لاڑکانہ، سگ گزیدگی سے متاثرہ شخص کو ویکسین دینے سے انکار

138

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) آواہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی شخص کو چانڈکا اسپتال میں ویکسین لگوانے سے انکار کردیا، متاثرہ شخص کی زندگی کو خطرہ، متاثر شخص نے ویکسین لگوانے کا مطالبہ کردیا، ایک ہی روز میں 2 بچوں سمیت 7 افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا، اسپتال انتظامیہ کا متاثرین کو ویکسین دینے کا دعویٰ، ایک ہفتے میں متاثرین کی تعداد 60 ہوگئی۔ لاڑکانہ چانڈکا اسپتال میں آوارہ کتوں کے کاٹے شخص کو چانڈکا اسپتال کی جانب سے ویکسین فراہم کرنے سے انکار کردیا گیا۔ لہر کالونی کے رہائشی 55 سالہ دیدار عمرانی کو ورثا کی جانب سے دوسرا ڈوز لگوانے کے لیے اے آر وی سینٹر لائے،، جہاں عملے نے متاثرہ شخص کا شناختی کارڈ ضلع جیکب آباد کا ہونے پر اعتراض لگاتے ہوئے ویکسین لگوانے سے انکار کردیا۔ سینٹر عملے کے مطابق دوسرے ضلع کے رہائشی کو ویکسین لگانے کی اجازت نہیں جبکہ متاثرہ شخص کا کہنا تھا کہ انہیں 23 مئی کو کتے نے کاٹا تھا، ویکسین کا پہلا ڈوز یہیں پر لگایا گیا تھا، اب کہا جا رہا ہے، مقامی یونین کمیٹی کے چیئرمین سے رہائشی سرٹیفکیٹ لاﺅں، یا پھر ویکسین لگوانے جیکب آباد جاﺅں۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسین لگائے بغیر واپس کیے گئے شخص کی زندگی کے لیے خطرات میں اضافہ ہوگیا۔ دوسری جانب شہر سمیت گردونواح میں ایک ہی روز کے اندر 2 بچوں سمیت مزید 7 افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا، جنہیں ورثا نے اے آر وی سینٹر منتقل کیا جہاں چانڈکا اسپتال کی جانب سے متاثرہ افراد کو ویکسین کی فراہمی کا دعویٰ کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایک ہفتے میں آوارہ کتوں سے متاثرہ افراد کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔