سکھر، یوسی 19 میں نکاسی آب کا ناقص نظام، علاقہ مکین پریشان

205

سکھر (نمائندہ جسارت) متعلقہ انتظامیہ کی لاپروائی کے باعث نیو پنڈ کے علاقے کمبھار محلہ یوسی 19 میں نکاسی آب کا سسٹم غیر فعال، نالیوں اور گٹر کا گندا پانی جمع ہونے لگا، علاقہ مکینوں کو آمد ورفت میں شدید مشکلات کا سامنا، میئر سکھر اور ڈپٹی میئر سکھر سے نوٹس لینے کی اپیل۔ سکھر کے علاقے نیو پنڈ کمبہار محلہ یوسی 19 وارڈ 2 میں نکاسی آب کا نظام غیر فعال ہونے کی وجہ سے نالیوں اور گٹر کا گندا پانی محلے میں جمع ہونا معمول بن چکا ہے، مذکورہ صورتحال کے باعث علاقہ مکینوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ اس سلسلے میں علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ ان کے علاقے میں نکاسی آب کا سسٹم غیر فعال ہوچکا ہے، تاہم ابھی تک کسی بھی منتخب بلدیاتی نمائندوں نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی، جبکہ متعدد بار متعلقہ افسران کو شکایات بھی کی گئی ہیں، لیکن مسئلہ حل نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے علاقے میں تعفن پھیل رہا ہے۔ رہائشیوں نے میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، ڈپٹی میئر طارق چوہان سمیت متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے علاقے میں صفائی ستھرائی کا انتظام بہتر کرنے سمیت نکاسی آب کے نظام کو درست کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔