ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) رورل ہیلتھ سینٹر ور غلام کے عملے پر شرپسندوں کے حملے روز کا معمول بن گئے، گزشتہ روز نامعلوم مسلح لاٹھی بردار شرپسندوں نے اسپتال کے اندر گھس کر ڈاکٹر ظفر میمن، ڈاکٹر ساجد شیخ کو مار پیٹ کا نشانہ بنایا، ایک ماہ قبل بھی شراب کے نشے میں ایک شخص نے اسپتال میں توڑ پھوڑ کی اور ڈاکٹر ساجد شیخ کا بازو توڑ دیا تھا، جس کا تاحال کوئی کیس درج نہ ہوسکا۔ رورل ہیلتھ سینٹر ور غلام میں آئے روز شرابیوں کے حملے کیخلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ضلع ٹھٹھہ کی جانب سے اسپتال کی او پی ڈی کا بائیکاٹ کرکے اسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں شامل ڈاکٹر ساجد شیخ، ڈاکٹر ظفر میمن اور اسپتال عملے نے صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے ایس ایس پی ٹھٹھہ کو بار بار درخواستیں دیں مگر پولیس سیکورٹی فراہم نہیں کی گئی، جس کی وجہ سے ہم روز مارپیٹ کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس صورتحال میں ڈیوٹی کرنا مشکل بن گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن سول اسپتال ٹھٹھہ کے صدر انور جاکھرو، عطا ناریجو، گلزار سمیجو و دیگر پیرا میڈیکل عملے نے حملے کی شدید مذمت کی ہے اور انتظامیہ سے فوری طور پر اسپتال کو سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔