ٹنڈو جام (جسارت نیوز)ہاکی کی مختلف مہارتیں کھلا ڑیوں کی صلاحیتوں میں اضافے کا سبب بنیں گی ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے زیر اہتمام منعقدہ آل پاکستان پی آئی ایچ U-16 ہاکی اسکلز مقابلے میں صوبہ سندھ میں پو زیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں اسناد و انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصو صی امتیاز شیخ نے کیا ۔واضح رہے کہ یہ تقریب سماجی فاصلوں کو بر قرار رکھتے ہو ئے منعقد کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ مہارتوں کے ان مقابلوں نے کھلاڑیوں کو لاک ڈاؤن کی صورتحال کے پس منظر میں متحرک رہنے کا ایک نادر موقع فراہم کیا تھا جس کا تسلسل انہیں جاری رکھنا چاہئے ۔ قومی کھیل ہاکی کی بحالی و ترویج میں بنیادی مہارتیں اہم کر دار ادا کریں گی ۔ ہاکی کے سنہرے دور میں یہ مہارتیں ہی ہمیں دنیائے ہاکی میں فاتح اور ممتاز بنائے ہو ئے تھیں جس کا اب فقدان ہے ۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی نے بنیادی مہارتوں کے اس منفرد خیال کو عملی جامہ پہناکر پاکستان ہاکی کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا جو قابل تحسین و تقلید ہے ۔ تقریب سے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی و اعزازی سیکریٹری جنرل پرو فیسر راؤ جاوید اقبال اور صدر زاہد شہاب نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر اختر خانزادہ سمیت اہم شخصیات موجود تھیں ۔