ریاض( آن لائن ) کورونا وائرس کی وبا کے باعث گزشتہ کئی ماہ سے عمرہ کی ادائیگی روک دی گئی ہے۔ جس کے باعث لاکھوں فرزندان توحیددکھ کی کیفیت میں ہیں اور شدت سے منتظر ہیں کہ کب دوبارہ سے عمرہ زائرین کو مملکت میں داخلے کی اجازت مل جائے اور انہیں حجاز مقدس کی سرزمین پر آنے کی بابرکت سعادت حاصل ہو جائے۔تاہم گزشتہ روز سعودی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر پابندی برقرار رہے گی۔ سعودی حکومت کی جانب سے فی الحال عمرہ اور حرمین شریفین کی زیارت پر عائد پابندی نہیں ہٹائی جا رہی۔وزارت مذہبی امور کے آفیشل ٹویٹر اکائونٹ پر بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کی دانش مند قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک حالات معمول پر نہیں آ جاتے، عمرہ اور مقامات مقدسہ کی زیارت پر عائد حالیہ پابندی برقرار رکھی جائے گی۔ کورونا وبا کی صورت حال کو سامنے رکھ کر مستقبل میں بھی وقتاً فوقتاً پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاتی رہے گی۔سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت حج نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین غور کر رہے ہیں اور صورتحال جیسے ہی بہتر ہوگی تو اسی حوالے سے کوئی بہتر فیصلہ کیا جاسکے گا جب کہ ملک میں معطل ہونے والی معمولات زندگی اب آہستہ آہستہ بحال ہورہی ہے تاہم حج وعمرہ کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔سعودی وزارت داخلہ کے مطابق 21 جون کو مکہ مکرمہ کی مساجد نمازیوں کے لیے کھول دی جائیں گی جس کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے باجماعت نماز ادا کی جائے گی البتہ حرم مکہ شریف میں موجودہ ضوابط کے تحت نماز ادا کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔واضح رہے سعودی وزارت داخلہ نے دیگر شہروں کی طرح مکہ مکرمہ میں بھی کرفیو میں نرمی کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز 31 مئی سے ہوگا۔