دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے قریب گاؤں آندل پنہور میں گاؤں کے وڈیرے کا مکینوں پر اپنے ساتھیوں کے ہمراہ تشدد، ایک شخص کو زخمی کردیا، متاثرین سجن پنہور اور خواتین نے میڈیا کو بتایا کہ گاؤں کے وڈیرے صدام پنہور نے ہمارے گھر کے معاملے میں بیچ میں آکر ہمارے گھر میں گھس کر ہم پر اور ہماری خواتین پر تشدد کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین جھگڑے کو ختم کرنے کے لیے قرآن شریف اٹھا کر آئیں تو وڈیرے اور وڈیرے کے لوگوں نے خواتین سے قران شریف چھین کر بے حرمتی کرکے قرآن شریف شہید کردیے ہیں اور ایک نوجوان کو شدید زخمی کردیا ہے جو حیدر آباد ریفر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے ملزمان کو بھاری رشوت کے عوض آزاد کردیا ہے اور کارروائی بھی نہیں کررہی۔ انہوں نے ڈی آئی جی حیدر آباد اور ایس ایس پی دادو سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا نوٹس لے کر ملزم وڈیرے اور اس کے ساتھیوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لاکر انصاف فراہم کیا جائے۔