سکھر،کرنٹ لگنے کے دو مختلف واقعات میں دو نوجوان جاںبحق

253

سکھر (نمائندہ جسارت) روہڑی گردونواح میں کرنٹ لگنے کے دو واقعات میں دو نوجوان جاںبحق، عید الفطر کی خوشی کے موقع پر گھروں میں کہرام مچ گیا، ایک نوجوان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد تدفین ،ریلوے پاور عملے پر قتل کرنے کا الزام، مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے پہلے روز روہڑی کے نواحی علاقے کندھرا کے گاؤں محمد ابرہیم تنیو میں 18 سالہ نوجوان محمد یوسف ولد عبداللہ تنیو گھر کی بجلی درست کرنے کے دوران کرنٹ لگنے کے باعث موقع پر جاںبحق ہوگیا جس کے باعث متوفی کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ عید کے دوسرے روز روہڑی کے علاقے لوکوشیڈ 80چوک پر ریلوے کے پاور عملے نے ٹرانسفارمر کے لنک درست کرنے کے لیے علاقے کے نوجوان شہزادو عرف شدو ولد محمد صدیق خاصخیلی کو بجلی بند کرکے بنا کسی حفاظتی سامان کے ٹرانسفارمر پر چڑھا دیا اسی دوران ریلوے کے کسی ملازم نے بجلی چالو کردی جس کے باعث کرنٹ لگنے سے شہزادو عرف شدو خاصخیلی شدید زخمی ہوگیا جسے تعلقہ اسپتال روہڑی لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے نوجوان کے فوت ہونے کی تصدیق کردی۔ لاش لوکوشیڈ پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ ورثا نے الزام لگایا کہ ریلوے بجلی عملے نے شہزادو کو ٹرانسفارمر پر چڑھا کر بجلی چالو کردی ہمارے نوجوان کو قتل کیا گیا ہے انصاف فراہم کیا جائے۔ پولیس نے لاش تحویل میں لیکر تعلقہ اسپتال روہڑی سے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی ۔شہزادو کی نماز جنازہ لوکوشیڈ میں ادا کی گئی جس میں علاقہ مکینوں، سیاسی و سماجی شخصیات اور کھلاڑیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مرحوم کو رجب دایو قبرستان میں سپردِ خاک کردیا گیا ،تاحال واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہوسکا تھا۔