لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) حفاظتی کٹس نہ ملنے کا خمیازہ، ایک کے بعد ایک ڈاکٹر کورونا وائرس کا شکار ہونے لگا، دو روز میں 4 ماہر ڈاکٹرز اور ایک ٹیکنکیشن کورونا وائرس کا شکار ہوئے ڈاکٹر ہاشم بگھیو، شیخ زید چلڈرن اسپتال کے محمد پناہ بروہی، چانڈکا اسپتال شعبہ چشم کے پروفیسر ڈاکٹر شبیر بھٹو، آرتھوپیڈک سرجن واجد جوکھیو اور سینٹرل لیبارٹری کا ایک ٹیکنیشن بھی شامل ہے جبکہ متاثرہ ڈاکٹرز کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق محکمہ صحت اور ینگ ڈاکٹرز کنسلٹنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی کردی گئی ہے، محکمہ صحت کے مطابق سرجن واجد جوکھیو کی حالت نازک ہے جسے سانس لینے میں دشواری کے باعث کورونا آئی سی یو وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے، لاڑکانہ میں کورونا سے متاثر ہونے والے ماہر معالجین کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل ای این ٹی شعبہ کے ماہرین ڈاکٹرز کے کورونا پازیٹو آنے پر شعبہ کو سیل کیا گیا تھا جبکہ ایک کے بعد ایک ڈاکٹر کورونا مثبت آنے پر دیگر ساتھی ڈاکٹرز سیلف آئیسولیٹ ہوگئے جس کے بعد ڈاکٹروں نے ڈیوٹیز کا مکمل بائیکاٹ کرنے کا اندیہ بھی دے دیا۔ واضح رہے کہ ڈاکٹرز گزشتہ کئی روز سے ایم ایس کی جانب سے حفاظتی سامان نہ دیے جانے پر سراپا احتجاج تھے تاہم اس وقت تک ان کے احتجاج کا نوٹس نہیں لیا گیا ہے۔