کراچی ( رپورٹ: محمد انور ): پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری 64 سال کی عمر میں بستر مرگ پر پہنچ گئے مگر فی الحال ان کی طبیعت بہتر ہے ۔
پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری وقار مہدی نے ” جسارت ” کو بتایا کہ ” آصف زرداری صاحب کی طبیعت تو سب ہی جاتے ہیں کہ خراب ہے، اور یہ بات ڈکلیئر بھی کی ہوئی ہے کہ انہیں ہارٹ ، شوگر اور کمر کے درد کی تکلیف ہے اس وجہ سے وہ بستر پر ہیں لیکن وہ اپنا چیک اپ کرانے کے لیے ضیاء الدین اسپتال جاتے رہتے ہیں زیادہ ضرورت ہو تو ڈاکٹرز انہیں گھر پر آکر بھی چیک کرلیتے ہیں “۔
انہوں نے بتایا ہے کہ باقی ساری اطلاعات جھوٹی ہیں یہ افواہیں ہیں جو تحریک انصاف کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں ۔ ادھر آصف زرداری کے علاج و معالجہ پر مخصوص ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف کا کہنا ہے کہ آصف زرداری فالج جیسے مرض کا شکار ہوچکے ہیں وہ بغیر سہارے اب بیڈ سے اٹھ نہیں سکتے جبکہ بات کرنے اور سننے میں بھی انہیں مشکلات کا سامنا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ میڈیا کے سامنے آنے سے گریز کررہے ہیں ۔
آصف زرداری تک رسائی رکھنے والے ڈاکٹر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ فالج کے جھٹکے بھی آتے ہیں ۔ سیاسی امور دیکھنے والے پارٹی کے زرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی طبیعت تشویشناک ہونے کی وجہ سے شریک چیئرمین کے امور ان کی بہن فریال تالپور دیکھ رہی ہیں ۔ جنہوں نے اپنے بھائی کی طبیعت کے حوالے سے کسی بھی لیڈر کو کوئی تفصیلی بات کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہوئی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی تشویشناک حالت کو چھپانے کی وجہ پارٹی میں ممکنہ بے چینی کو روکنا ہے جس کی وجہ سے سندھ حکومت کو سیاسی نقصان بھی ہوسکتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی طبیعت بہتر ہونے تک پارٹی کی ” مجموعی صحت ” بھی ہنوز اطمینان بخش ” نہ رہنے کا خدشات ہیں۔
یاد رہے کہ آصف علی زرداری 26 جولائی 1955 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے وہ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کے مخالف سندھ کے زمیندار حاکم علی زرداری کے بیٹے ہیں جبکہ بھٹو کی بیٹی بے نظیر سے ان کی شادی 1987 میں ہوئی تھی آصف زرداری بچپن سے فنکارانہ صلاحتیوں کے حامل ہیں انہوں نے اپنے بچپن میں “سالگرہ ” فلم میں وحید مراد کے بچپن کا کردار بھی ادا کیا تھا ۔